تاثیر 4 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نالندہ، بہار شریف، 4 نومبر : نالندہ کی سیاست میں ان دنوں ایک نیا سوال گونج رہا ہے- کیا مہاگٹھ بندھن میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، یا کچھ گڑبڑ ہے؟ سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے نالندہ ضلع میں کہیں بھی کانگریس امیدواروں کی حمایت میں کوئی ریلی نہیں کیہے، جب کہ انہوں نے استھاواں، اسلام پور اور ہلسا میں آر جے ڈی کے امیدواروں کے لیے بھرپور مہم چلائی اور انہیں بھاری اکثریت سے جیت دلانے کی پرزور اپیل کی ۔ کانگریس کے قومی لیڈر راہل گاندھی نے 30 اکتوبر کو نالندہ اسمبلی حلقہ کے نورسرائے میں انتخابی ریلی نکالی۔ اس تقریب سے پہلے، بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی تھی کہ تیجسوی یادو راہل کے ساتھ اسٹیج شیئر کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ راہل گاندھی نے انتخابی جلسے میں شرکت کی، لیکن تیجسوی نہیں آئے۔ ریلی میں کافی ہجوم تو جمع ہوا، لیکن جب لوگوں نے تیجسوی کو اسٹیج پر نہیں دیکھا تو ان کا جوش و خروش ختم ہوگیا۔راہل کی تقریر کے دوران تالیوں کی گونج کم تھی اور ہجوم آہستہ آہستہ منتشر ہونے لگا۔ مکیش ساہنی اور تیجسوی یادو کے درمیان 3 نومبر کو بہار شریف کے رہوئی بازار میں مشترکہ انتخابی ریلی کی بات ہو رہی تھی۔ تیجسوی کی آمد کی تشہیر پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہوئی، لیکن آخری لمحات میں مکیش ساہنی تو پہنچے، لیکن تیجسوی یادو نہیں آئے۔

