الیکشن کمیشن بی جے پی کی بی ٹیم ہے: اروپ بسواس

تاثیر 29 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہگلی 29/ نومبر (تاثیر بیورو) مغربی بنگال میں ایس آئی آر کا کام زور و شور سے جاری ہے اور یہ اپنے آخری مرحلے میں ہے لیکن اسی درمیان حکمراں جماعت الیکشن کمیشن اور بی جے پی کے خلاف سخت تنقید کے ذریعہ حملہ آور ہے۔ گزشتہ دنوں ترنمول کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے اپنے وزراء اور لیڈروں کو مختلف اضلاع کی ذمہ داری دی ہے کہ وہ ان اضلاع کا دورہ کریں اور ایس آئی آر کے لۓ ہو رہے کام کا جائزہ لیں ۔ اسی سلسلے میں ریاستی وزیر اروپ بسواس جنہیں ہگلی ضلع کی ذمہ داری دی گئی ہے ، انہوں نے آرام باغ ، بالا گڑھ ، دھنیا کھالی ، چنسورہ، چندن نگر ، رشڑا، سیرامپور، چاپدانی اور دیگر علاقوں میں جا کر ووٹ تحفظ کیمپ کا دورہ کیا اور ایس آئی آر فارم بھرے جانے کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے اپنے ترنمول لیڈران اور کارکنوں کو ضروری ہدایت بھی دی ۔ وزیر اروپ بسواس نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی ایس آئی آر کے کام ہوۓ ہیں لیکن فی الحال جس ڈھنگ سے الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشارے پر کام کر رہا ہے ، وہ جگ ظاہر ہے۔ بہار کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ایس آئی آر کے نام پر بی جے پی لۓ ووٹ چوری کا کام کیا جا رہا ہے ۔ اس وقت الیکشن کمیشن بی جے پی کی بی ٹیم ہو کر رہ گیا ہے۔ لیکن وہ لوگ یہ جان لیں کہ مغربی بنگال ممتا بنرجی کی ریاست ہے ۔ یہ کوئی ہریانہ ، مہاراشٹر ، تلنگانہ اور بہار نہیں ہے ۔ یہاں کے لوگ الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ایک بھی مستحق ووٹر کو ووٹ دینے کے حق سے محروم نہیں ہونے دیں گے۔