سرمائی کے اجلاس پر انتخابات کا سایہ، اجلاس ایک ہفتے مؤخر ہونے کا امکان

تاثیر 3 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ناگپور ،۳؍نومبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ) مہاراشٹر کی قانون ساز اسمبلی کا سرمائی  کا اجلاس جو 8 دسمبر سے ناگپور میں منعقد ہونے والا ہے، اب ممکن ہے کہ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کردیا جائے۔ ریاستی محصول اور ناگپور کے نگراں وزیر چندر شیکھر باونکُلے نے ناگپور میں اشارہ دیا کہ آنے والے دنوں میں مقامی خود حکومتی اداروں (لوکل باڈیز) کے انتخابات کے پیش نظر اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ناگپور معاہدے کے مطابق ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سیشنز میں سے ایک اجلاس ناگپور میں منعقد کیا جانا لازمی ہے، خصوصاً سرمائی  کا اجلاس ہمیشہ ناگپور میں ہی ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ریاست کی میونسپل کونسلیں، نگر پنچایتیں، ضلع پریشدیں اور میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 31 جنوری 2026 سے قبل کرائے جانے ہیں۔ چونکہ ایک ہی وقت میں تمام انتخابات کرانا ممکن نہیں، اس لیے الیکشن کمیشن تین مرحلوں میں انتخابات کرانے پر غور کر رہا ہے، اور اس سلسلے میں تیاری جاری ہے۔ان انتخابات کے سبب اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ پہلے یہ قیاس تھا کہ اجلاس 8 سے 10 دن پہلے کرایا جائے گا، مگر انتظامی سطح پر ابھی تک اس بارے میں کوئی ہدایت یا حرکت نہیں ہوئی ہے۔ اسمبلی سکریٹریٹ اپنی طے شدہ تاریخ کے مطابق کام کر رہا ہے۔ آنے والے چند دنوں میں مقامی اداروں کے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق  نافذ ہونے کا امکان ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے چندر شیکھر باونکُلے نے میڈیا سے گفتگو میں عندیہ دیا کہ ضلع پریشد کے انتخابات کی ضابطہ اخلاق  کے باعث اجلاس 8 دسمبر کو نہیں بلکہ ایک ہفتے بعد شروع ہو سکتا ہے۔ٹھیکیداروں کی ہڑتال کے باعث بھی سرمائی  کے اجلاس پر خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ وزراء کی رہائش گاہوں کے کئی تعمیراتی کام التوا میں ہیں۔ 150 کروڑ روپے کے بقایاجات ادا نہ ہونے پر ٹھیکیداروں نے کام بند کر دیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث یہ بھی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ اجلاس ناگپور کے بجائے ممبئی میں منعقد کیا جا سکتا ہے، مگر ناگپور معاہدے کے تحت اسمبلی کا ایک اجلاس ناگپور میں لینا لازمی ہے۔امکان ہے کہ دسمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں ضلع پریشد کے انتخابات ہوں گے، جن میں سرکاری مشینری مصروف رہے گی۔ اس لیے انتخابات کے بعد ہی سرمائی  کا اجلاس ممکن ہو سکے گا۔ اس بارے میں غور جاری ہے، تاہم حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں لیا گیا ہے، باونکُلے نے یہ وضاحت کی۔