ہندوستان-سری لنکا خواتین کی ٹی20 سیریز کا اعلان، پانچ میچ 21 سے 30 دسمبر تک ہوں گے

تاثیر 28 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 نومبر: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم 21 سے 30 دسمبر تک سری لنکا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔ تمام میچ وشاکھاپٹنم اور ترواننت پورم میں کھیلے جائیں گے۔یہ سیریز ویمن ان دی بلیو کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ نومبر میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد یہ ان کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان کو اسی عرصے کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی تھی لیکن دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔سری لنکن ٹیم 2016 کے بعد پہلی بار دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کر رہی ہے۔ پچھلی بار ہندوستان نے مہمان ٹیم کو 0-3 سے کلین سویپ کیا تھا۔ سری لنکا کے خلاف اس سیریز کے اختتام کے بعد ویمنز پریمیئر لیگ کے چوتھے سیزن کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے بعد ہندوستانی ٹیم فروری مارچ میں آسٹریلیا کے کثیر سیریز کے دورے پر روانہ ہوگی۔