نیپالی صدر رام چندر پوڈیل قطر کے چار روزہ دورے پر روانہ ہوئے

تاثیر 3 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کٹھمنڈو، 3 نومبر :۔ نیپال کے صدر رام چندر پوڈیل قطر کے چار روزہ دورے پر آج دوحہ کے لئے روانہ ہوگئے۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دورہ کر رہے پوڈیل کے ہمراہ ایک 12 رکنی نیپالی وفد بھی ہے ۔
صدر پوڈل 3 سے 6 نومبر تک دوحہ میں منعقد ہونے والی ’’سماجی ترقی پر دوسری عالمی سربراہی کانفرنس‘‘ میں شرکت کریں گے۔ وہ کانفرنس کے افتتاحی دن کلیدی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس کے دوران صدر پوڈیل قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور اقوام متحدہ کیسکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
صدر پوڈیل کو تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نائب صدر رام سہائے پرساد یادو، وزیر اعظم سشیلا کارکی اور وزیر داخلہ اوم پرکاش آریال نے رخصت کیا۔ وداعی تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، سیکورٹی اداروں کے سربراہان اور سفارتی برادری کے افراد بھی موجود تھے۔ نیپالی فوج نے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔