پٹنہ، 2 نومبر،: بہار کے آرہ اور نوادہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی شام پٹنہ کے دنکر گولمبر سے گاندھی میدان تک این ڈی اے امیدوار کی حمایت میں روڈ شو کیا۔وزیر اعظم مودی نے دنکر گولمبر (راجیندر نگر) میں قومی شاعر رام دھاری سنگھ دنکر کے مجسمے پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کرکے روڈ شو کا آغاز کیا۔ ان کے ساتھ مرکزی وزیر للن سنگھ، بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ جیسوال، اور رکن پارلیمنٹ روی شنکر پرساد بھی تھے۔ انہوں نے بی جے پی کا انتخابی نشان کمل اپنے ہاتھ میں پکڑ رکھا تھا۔ جب ان کی گاڑی پھولوں اور زعفرانی جھنڈوں سے سجی شہر کی سڑکوں سے گزری تو وزیر اعظم نے سڑک کے دونوں طرف اور عمارتوں کی چھتوں پر جمع لوگوں کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔ اسمبلی انتخابی مہم کے لیے ریاست کا دورہ کر رہے مودی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد کو وزیر اعظم کی تصاویر اور ویڈیوز لینے، ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے اور آرتی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

