تاریخی در بار منتقلی کی روایت کی بحالی جموں کی معیشت کو نئی توانائی دے گی: عمر عبداللہ

تاثیر 3 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 3 نومبر: وزیرِ اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ چار برس بعد تاریخی در بار موو روایت کی بحالی جموں کی معیشت کو نئی توانائی دے گی اور دونوں خطوں کے درمیان وحدت و بھائی چارے کو مزید مضبوط بنائے گی۔پیر کے روز جموں میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ در بار موو کی معطلی سے جموں کو شدید معاشی نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اس تاریخی روایت کو دوبارہ زندہ کریں گے، اور آج ہم نے وہ وعدہ نبھا دیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس فیصلے سے جموں و کشمیر کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
عمر عبداللہ نے وضاحت کی کہ اس روایت کو بند کرنے کا فیصلہ محض مالی بنیادوں پر کیا گیا، جس میں اس کی تاریخی، جذباتی اور علامتی اہمیت کو نظرانداز کر دیا گیا تھا۔ ان کے بقول،ہر چیز کا پیمانہ مالی فائدہ نہیں ہو سکتا۔ کچھ روایات ہماری شناخت اور یکجہتی کی علامت ہوتی ہیں۔ در بار موو نے ہمیشہ سرینگر اور جموں کو جوڑنے کا کام کیا۔ اس روایت کے خاتمے سے ریاست کی وحدت کو دھچکا لگا، جسے اب ہم نے بحال کرنے کی کوشش کی ہے۔