ملت ٹائمز کے بانی و چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی ملت پرائیڈ ایوارڈ سے نوازے گئے۔

تاثیر 1 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :-  ( مشتاق احمد صدیقی)  ملک کے معروف نوجوان صحافی شمس تبریز قاسمی بانی و چیف ایڈیٹر، ملت ٹائمز، “ملت پرائیڈ ایوارڈ” سے نوازے گئے۔  یہ ایوارڈ المَنْصُور فاؤنڈیشن، انڈیا کی جانب سے الغزالی انٹرنیشنل اسکول، ارریہ کے زبیر الحسن میموریل لائبریری میں منعقد ایک پُروقار تقریب کے دوران ان کی بے خوف، بے لاگ اور حق گو صحافتی خدمات کے ساتھ ساتھ بے آوازوں کی آواز بننے کے جذبے کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت”المَنْصُور فاؤنڈیشن” انڈیا کے چیئرمین مولانا مدثر احمد قاسمی نے کی اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ: “جناب شمس تبریز قاسمی صاحب کی زندگی ہم سب کے لئے ایک کھلی کتاب ہے، جس کے ہر ورق پر عزم، حوصلہ اور سچائی کی داستان قلم بند ہے۔ انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز نہایت سادہ اور بے سروسامانی کے عالم میں کیا تھا، مگر اپنے اخلاص، استقامت اورجہدِ پیہم سے بہت ہی کم عرصے میں ملکی صحافت کے افق پر خورشید تاباں کی طرح نمودار ہوا اور منفرد مقام حاصل کر لیا۔ آج ان کا نام جرأت مندانہ صحافت، اصول پسندی اور سچائی کے استعارے کے طور پر لیا جاتا ہے۔ ان کی یہ کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ اگر ارادے پختے ہوں اور نیت خالص، تو وسائل کی کمی کبھی رکاوٹ نہیں بنتی۔”۔ فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری مولانا شاہجہان ندوی نے کہا کہ: “ہم شمس تبریز قاسمی کے لیے دعاء گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اُن کی صحافتی زندگی کو مزید تابناک بنائے، اور آپ  سچائی اور انصاف کی راہ میں اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔” تقریب میں مقامی دانشوران قوم وملت، اساتذۂ کرام، سماجی شخصیات اور طلبہ وطالبات کی بڑی  تعداد نے شرکت کیں۔ شرکاء نے شمس تبریز قاسمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی صحافت نے نوجوان نسل کو شعور اور سچ بولنے کا حوصلہ دیا ہے۔