سیڈ کے جانچ امتحان میں 213بچے شریک،ایک درجن طالبات کو نمایاں کامیابی ملی

تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،(پریس ریلیز):راجدھانی پٹنہ کے قلب اشوک راج پتھ میں بہار اردو اکادمی،گورنمنٹ اردو لائبریری اور خدابخش اورینٹل پبلک لائبریری کے ٹھیک سامنے واقع آکسفیم کوچنگ سنٹرکے زیر انتظام چلنے والے سیڈ (SEED)کوچنگ سنٹر نے ایک بار پھر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جہاں چل رہے تین قلیل مدتی اور روزگار پر مبنی کورسز ،گرافکس، سرٹیفکیٹ، ریزیومنگ اور بلنگ وغیرہ کے ماہانہ جانچ امتحان میں شریک 213طلبا و طالبات میں 12طالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی اور ان سبھی کامیاب طالبات کو سیڈ کوچنگ سنٹر کی جانب سے انعامات سے نوازا گیا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر سیڈ کوچنگ سنٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیڈ کے نگراںاور آکسفیم کوچنگ سنٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یعقوب اشرفی کے ہاتھوںسبھی کامیاب طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اورانہیں نمایاں کامیابی حاصل کرنے اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر مبارک باد پیش کی گئی اور انہیں دعائوں سے بھی نوازا گیا۔ انعامات سے نوازی گئی طالبات میں شمع ملک، فاطمہ حسن، نعیمہ فاطمہ، مہرین امتیاز، کرتیکا سنگھ،عذیرا رحمان، نادیہ عظیم، عبدالرحمن ، جاسیہ پروین، مہہ رخ معیز اور ساریہ برّہ شامل ہیں۔جنہوں نے انعام حاصل کرتے ہوئے بے پناہ خوشی و اطمینان کا اظہار کیا اور اللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیڈ کوچنگ سنٹر کے سربراہ سید مظہر حسینی اور نگراں ڈاکٹر یعقوب اشرفی کے لیے بھی اللہ سے دعائیں کیں کہ ایسی مخلص شخصیتوں کو زندگی میں ہر قدم میں کامیابی عطا فرمائے تاکہ قوم و ملت کی خدمات انجام دیتے رہیں۔کامیاب طالبات کو انعامات کے طور پر ڈائری، قلم، میڈل اورسند سے نوازا گیا۔ان طالبات نے گرافکس، سرٹیفکیٹ، ریزیومنگ اور بلنگ کے قلیل مدتی کورسز میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ان کورسز کی تعلیم و تربیت بہترین انداز میں حاصل کی ہے۔ ماہرین اساتذہ کے ذریعہ انہیں سیڈ کوچنگ سنٹر میں مذکورہ کورسز کی تعلیم و تربیت بہت سنجیدگی کے ساتھ فراہم کی گئی۔اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے سیڈ کوچنگ سنٹر کے نگراں ڈاکٹریعقوب اشرفی نے کہا کہ وہ اپنے ادارہ کے سربراہ سید مظہر حسینی کے بے حد شکرگزار ہیں کہ انہوں نے گزشتہ تقریباً پانچ برسوں سے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں سیڈ کوچنگ سنٹر قائم کر رکھا ہے جہاں ریاست بھر کے ہزاروں طلبا و طالبات قلیل مدتی کورسز کرکے ملک و بیرون ملک میں روزگار سے منسلک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قلیل مدتی کورسز کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ سیڈ کوچنگ سنٹر میں یہ تمام کورسز بالکل مفت کرائے جا رہے ہیں جہاں غریب طلبا و طالبات کو ضرورت کے مطابق آمدورفت کا خرچ بھی فراہم کیاجاتا ہے۔ انہیں روزگار سے منسلک ہونے کے لائق بنادیا جاتا ہے اور اس کے لیے ہرممکن کوشش بھی کی جاتی ہے۔ماہرین اساتذہ کی خدمات انہیں مفت فراہم کی جارہی ہے۔ قوم وملت کے غریب و ذہین بچوں کو زیادہ سے زیادہ ان سہولتوں کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس موقع پر دیگر کئی مہمان بھی موجود تھے جنہوں نے کامیاب طالبات کو مبارک باد پیش کی اوردعائوں سے نوازا۔