’’ صفیہ گرلس ہائی اسکول کی سالانہ تقریب میں طالبات کا شاندار مظاہرہ، تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر زور

تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بہار شریف، 28 دسمبر (پی آر) صفیہ گرلس ہائی اسکول، بہار شریف، نالندہ کی سالانہ تقریب آج یہاں اسکول احاطے میں صبح 10:30 بجے سے منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسپیشل سکریٹری بشمول ڈائرکٹر، محکمہ اقلیتی فلاح، حکومت بہار، پٹنہ ڈاکٹر عامر آفاق احمد فیضی چیف گیسٹ کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے قرآنی آیات کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ طالبات نے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جس میں تقریریں، ڈرامے، نغمے، سائنسی ماڈلز اور دیگر پروگرام شامل تھے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں طالبات، ان کے والدین اور گارجین شریک ہوئے۔ چیف گیسٹ ڈاکٹر عامر آفاق احمد فیضی نے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ کردار سازی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ بہترین تعلیم وہی ہے جوہمارے بچے اور بچیوںکو پروفیسر،ڈاکٹر، انجینئر اور بڑا افسر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کو اچھا انسان بھی بنائے۔ انہوں نے اسکول کی دیانتداری سے دی جانے والی تعلیم و تربیت کی تعریف کی اور چیئرمین محمد خورشید اکبر جاویدی سمیت ٹیچرز اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔معروف صحافی بے نام گیلانی، انجمن ترقی اردو کے ضلع سکریٹری تنویر ساکت اور نالندہ اوپن یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار حبیب الرحمٰن نے بھی خطاب کیا اور بچیوں کی تعلیم کی افادیت پر روشنی ڈالی۔‘‘