تاثیر 6 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 06 جنوری : مدھیہ پردیش میں کڑاکے کی ٹھنڈ اور گھنے کہرے کا اثر جاری ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں بھاری گراوٹ آئی ہے اور کئی جگہ حد نگاہ اتنی کم ہے کہ 20 میٹر سے آگے دیکھنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ سرد لہر اور کہرے کے سبب 24 اضلاع کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ کئی اضلاع میں اسکولوں کے اوقات تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ پیر کو پوری ریاست میں تیز سردی، کہرا اور سرد لہر کا اثر نظر آیا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک گھنے کہرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
منگل کی صبح بھی 30 سے زیادہ اضلاع میں کہرے کا اثر دیکھا گیا۔ دہلی سے آنے والی کئی ٹرینیں کہرے کی وجہ سے اپنے مقررہ وقت سے 3 گھنٹے تک تاخیر چل رہی ہیں۔ خاص کر مالوا، سچکھنڈ اور شتابدی جیسی ٹرینیں متاثر ہیں۔ سرد ہواوں کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت زیادہ تر شہروں میں 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے درج کیا گیا۔ شہڈول کے کلیان پور میں پارہ 3.8 ڈگری پر آ گیا۔

