تاثیر 18 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کٹیہار ،18 جنوری(حسنین رضا)کُرسیلا تھانہ احاطہ میں آئندہ سرسوتی پوجا کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے امن کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں مقامی عوامی نمائندوں، امن کمیٹی کے اراکین، معزز شہریوں اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کی صدارت تھانہ انچارج نے کی، جہاں سرسوتی پوجا کے دوران امن و امان، صفائی، ٹریفک نظم، ڈھول باجے پر کنٹرول، جلوس کے راستوں اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی جیسے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پولیس انتظامیہ نے واضح کیا کہ تہوار کے موقع پر کسی بھی قسم کی شرپسندی، افواہ پھیلانے یا قانون شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔تھانہ انچارج نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پوجا کے دوران باہمی بھائی چارہ قائم رکھیں، قانون و ضوابط کی پابندی کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ امن کمیٹی کے اراکین نے بھی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تہوار کو خوش اسلوبی اور امن کے ساتھ منایا جائے گا۔

