وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں ڈرائی پورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا

تاثیر 30 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 30 اپریل:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ریاست میں ڈرائی (ان لینڈ) پورٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور کسٹم کلیئرنس کا عمل مقامی سطح پر ممکن ہونے سے لاجسٹک اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔وہ جموں ریلوے اسٹیشن پر سری نگر-جموں وندے بھارت ایکسپریس کی توسیع کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے وزیر اعظم دفتر جتیندر سنگھ سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیر اعلیٰ نے جموں کو کشمیر سے ریل کے ذریعے جوڑنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ڈرائی پورٹ کا معاملہ براہ راست ریلوے وزارت سے متعلق نہیں، تاہم ریلوے وزیر اس سلسلے میں متعلقہ سطح پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس مطالبے کو مرکزی حکومت کے سامنے اٹھائیں گے۔انہوں نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور دیگر اراکین پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ اس اہم منصوبے کے لیے تعاون فراہم کریں تاکہ ریاست میں تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ مل سکے۔