وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے دہلی سے لوٹتے ہی نتیش کمار سے ملاقات کی

تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 22 اپریل:۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری دہلی کے دو روزہ دورے سے بدھ کے روز پٹنہ واپس آئے۔ واپسی پر وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے سب سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار سے ملاقات کی۔ نتیش کمار نے سمراٹ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس ملاقات کو بہت خاص سمجھا جا رہا ہے، اس کی ایک بڑی وجہ بہار کابینہ کی توسیع ہے، جس پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے منگل کے روزدہلی کا دورہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور تنظیمی سطح پر بھی سرگرم رہے۔ منگل کے روز انہوں نے بی جے پی کے سینئر لیڈر جے پی نڈا سمیت کئی لیڈروں سے بات کی۔ انہوں نے دہلی میں آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین سے دو بار ملاقات بھی کی، جہاں بہار کی سیاسی صورتحال اور کابینہ کی توسیع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کے دورہ دہلی کے بعد کابینہ میں توسیع کا عمل تعطل کا شکار ہے کیونکہ نئے وزراء کی حلف برداری کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کی مصروفیت کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔