تاثیر 24 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) ہیٹ ویو کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آج مورخہ 23 اپریل کو ضلع کلکٹر روہتاس شریمتی ادیتا سنگھ کی صدارت میں ایک اہم جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جہاں تمام بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرس، بلاک پنچایت راج افسران، مکھیا، عوامی نمائندے، محکمہ میونسپل، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ، بلاک سطح کے سینئر انچارجس اور مختلف محکموں کے ضلعی سطح کے عہدیدار موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران ضلع کلکٹر روہتاس شریمتی ادیتا سنگھ نے تمام متعلقہ افسران کو ہیٹ ویو سے بچاؤ اور ریلیف کے اقدامات کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں ۔ نل واٹر اسکیم پر کام کو تیز کرنے پر خصوصی زور دیا گیا تاکہ کسی بھی وارڈ کو پینے کے پانی کا مسئلہ درپیش نہ ہو، اسکے علاوہ شہری علاقوں میں عوامی مقامات پر پینے کے پانی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے، ٹوٹے ہوئے ہینڈ پمپس کی فوری مرمتی اور تمام پی ایچ سیز اور سی ایچ سیز میں ہیٹ ویو کے مریضوں کے علاج کیلئے خصوصی وارڈز کو ہموار کرنے کی ہدایات دی گئی ۔ضلع کلکٹر نے واضح طور پر ہدایت دی کہ گرمی کے موسم میں پانی کی ہموار فراہمی کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہوگی، انھوں نے متعلقہ عہدیداروں کو پہاڑی اور ناقابل رسائی علاقوں میں خصوصی چوکسی برقرار رکھنے اور وہاں کے مکینوں کیلئے پینے کے پانی کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ جہاں یہ بھی ہدایت ملی کہ تمام محکمے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں ۔ ضلع انتظامیہ روہتاس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی پریشانی کی اطلاع فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو دیں ۔

