تاثیر 7 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 07 اپریل:۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع ڈوڈہ میں ڈوپلر ویدر ریڈار کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس سے موسم کی پیش گوئی کے نظام کو مضبوط بنانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کوبہتربنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس جدید ریڈار کے ذریعے موسم کی صورتحال کی حقیقی وقت میں درست نگرانی ممکن ہوگی، جس سے بروقت وارننگ سسٹم کو تقویت ملے گی اور ضلع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ مزید مؤثر ہوگا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ اعلان ضلع ترقیاتی رابطہ و نگرانی کمیٹی (دیشا) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں رکن پارلیمنٹ سجاد احمد کچلو، ایم ایل اے شکتی راج پریہاراورضلع انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر نے کلہوتہ اور ہمبل سے نیشنل ہائی وے-44 تک لنک روڈ کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو بہتر رابطہ سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے ماتا دیدنی شرائن تک سڑک کی تعمیر میں بھی تیزی لانے اور خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت کرنے کے احکامات جاری کیے۔

