اڈیشہ میں ہونے والے ایس آئی آرمیں بلاتفریق مذہب ہر شہری کا تعاون کریں:مولانا قمر انیس قاسمی

تاثیر 18 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امارتِ شرعیہ کے زیرِ اہتمام ضلع کٹک کے کیسر پور و نعمت پور اور ضلع پوری کے کٹکنا میں ایس آئی آر پر تربیتی ورکشاپ

(نمائندہ: کٹک / 18 اپریل 2026)

امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی جانب سے ایس آئی آر (Special Intensive Revision)  سے متعلق جاری ہمہ گیر تربیتی مہم کے تحت ایک اہم اور مفید ورکشاپ ضلع پوری کے کٹکنا کی مرکزی جامع مسجد میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس تربیتی پروگرام کی صدارت معاون ناظمِ امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ جناب مولانا قمر انیس صاحب نے فرمائی۔ ورکشاپ کا آغاز قائد وفد حضرت مولانا قمر انیس صاحب قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ کی گفتگو سے ہوا۔ انہوں نے اپنے بتدائی خطاب میں امارت شرعیہ  کی خدمات کے دائرہ کار اور ایس آئی آر کی اہمیت، اس کے سماجی اثرات اور عوامی شمولیت کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر امارتِ شرعیہ کی ریسرچ ٹیم کے رکن مفتی قیام الدین قاسمی نے وقف کی زمینوں کے تحفظ کی تدبیر کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ حفاظت کی بہترین تدبیر یہ ہے کہ زمینوں کو تصرف میں لایاجائے۔ اس سے مسلمانوں کو فائدہ بھی پہونچے گا اور تحفظ بھی ہوگا، بعد ازاں امارتِ شرعیہ کی ریسرچ ٹیم کے ارکان ڈاکٹر  مولانا حفظ الرحمن اور مولانا اکرام الدین قاسمی نے پروجیکٹر اور پریزنٹیشن کے ذریعہ شرکاء کو عملی تربیت دی۔ انہوں نے پیرنٹل میپنگ، فارم 6، فارم 8 اور ایس آئی آر سے متعلق پیچیدہ امور کو نہایت سادہ، عام فہم اور عملی انداز میں سمجھایا، جس سے شرکاء کو براہِ راست فائدہ حاصل ہوا۔شرکاء نے مجلس میں ان کاموں کو پریکٹیکل بھی انجام دیا۔ شرکاء کی ایک بڑی تعداد نے اس عز م کا اظہار کیا کہ ایس آئی آر مکمل ہونے تک ہم لوگ اپنے اپنے علاقوں میں اس ٹریننگ کے ذریعے عام لوگوں کی مدد کو یقینی بنائیں گے جو امارت شرعیہ کے لیے ایک خوش آئند امرہے۔

 واضح رہے کہ یہ تیسری تربیتی مہم تھی اس سے قبل کیسر پور کی بڑی مسجد میں اور معصوم پور حلقے کے قصبہ نعمت پور میں ٹریننگ دی جاچکی ہے اور ان تربیتی مہمات کو کامیاب بنانے میں مولانا صبغت اللہ صاحب قاضی شریعت امارت شرعیہ دفتر کٹک اور حافظ شہاب الدین صاحب مبلغ امارت شرعیہ نے اہم رول ادا کیا۔

ریاست جھارکھنڈ میں ہونے والے ایس آئی آر سے متعلق حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی اور ناظم امارت شرعیہ حضرت مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نہایت فکر مند ہیں کہ کوئی شہری کسی بھی طرح ایس آئی آر کے اس زمرے سے باہر نہ رہ جائے۔س

ورکشاپ میں علاقہ کے عمائدین، سماجی کارکنان، دانشوران اور مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان بھی شریک رہے۔ واضح رہے کہ حضرت امیر شریعت کی ہدایت پر امارتِ شرعیہ کی جانب سے یہ تربیتی مہم اڈیشہ میں دو ہفتہ تک جاری رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سعید الرحمٰن صاحب قاسمی، مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ اور مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ قاسمی مسلسل تربیتی وفد کے رابطے میں  ہیں۔