اردن کے فیلڈ ہسپتال میں اب تک تقریباً 400,000 فلسطینیوں کا کیاعلاج

تاثیر 29 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لندن،29اپریل:اردن کے ایک فیلڈ ہسپتال نے دو سال سے زائد عرصے کے دوران شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں 398,673 فلسطینی مریضوں کا علاج کیا اور 2,494 سرجریز کیں۔ پیٹرا نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کو طبی سہولت نے رفیدیا سرکاری ہسپتال کی مدد کے لیے خون کے عطیات کی مہم کا اہتمام کیا جس کا مقصد مریضوں اور اسرائیلی افواج کے چھاپوں میں زخمی ہونے والوں کی ضروریات پورا کرنا تھا۔
دو آپریٹنگ رومز اور انتہائی نگہداشت یونٹس کے ساتھ ساتھ اس سہولت میں ریڈیولاجی اور سٹرلائزیشن یونٹس، ایک فارمیسی اور اطفال، گائناکالوجی، انٹرنل میڈیسن، سرجری، ہڈی و جوڑ، امراضِ جلد اور دندان سازی کے کلینک شامل ہیں۔اردنی فوج کی تعینات کردہ نویں طبی ٹیم تقریباً 20,600 مریضوں کا علاج اور 90 سے زیادہ چھوٹے بڑے سرجیکل آپریشن کرنے کے بعد مارچ میں عمان واپس آ گئی۔