تاثیر 29 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 29 اپریل: ہندوستان-کینیا مشترکہ تجارتی کمیٹی کی 10ویں میٹنگ نیروبی میں منعقد ہوئی، جس میں دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ہندوستان کینیا کے لیے ایک بڑے تجارتی شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے،جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھ کر 4.31 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
تجارت اور صنعت کی وزارت نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان اور کینیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ ہندوستان-کینیا مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا 10 واں اجلاس 27-28 اپریل کو نیروبی میں منعقد ہوا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لینا اور اسے مضبوط کرنا تھا۔ دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت میں مسلسل ترقی کا ذکر کیا، جس میں ہندوستان کینیا کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ہندوستان اور کینیا کے درمیان مالی سال 2025-26 میں کل تجارت 4.31 ارب امریکی ڈالر رہی ہے، جو کہ مالی سال 2024-25 کے3.45 ارب امریکی ڈالر سے 24.91 فیصد کا اضافہ ہے۔

