تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 15 اپریل : جموں و کشمیر حکومت نے ڈیزل پر عائد ٹیکس کے ڈھانچے میں ترمیم کرتے ہوئے نئی شرحیں نافذ کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ کی جانب سے 10 اپریل 2026 کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی فروخت پر ٹیکس کی شرح 16 فیصد مقرر کی گئی ہے، جس میں فی لیٹر 2.50 روپے کی کمی شامل ہے، جبکہ اس کے ساتھ فی لیٹر ایک روپیہ سیس بھی عائد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ حکم جموں و کشمیر موٹر اسپرٹ اینڈ ڈیزل آئل (ٹیکسیشن آف سیلز) ایکٹ، سموات 2005 کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اس میں 27 مارچ 2025 کے سابقہ نوٹیفکیشن میں جزوی ترمیم کی گئی ہے۔ نئی شرحیں 11 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔یہ حکم فنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سکریٹری) محکمہ خزانہ شیلندر کمار کی جانب سے جاری کیا گیا، جسے عمل درآمد کے لیے یو ٹی کے متعلقہ انتظامی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

