تاثیر 21 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد ، 21 اپریل : وزیراعلی ریونت ریڈی نے بی آرایس سربراہ کے سی آرکو چیلنج کیا کہ 2029 انتخابات میں اصل مقابلہ کیلئے تیارہوجائیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ 2029 میں وہ کے سی آرکو لیڈرآف اپوزیشن کے عہدہ سے بھی محروم کرد یں گے اورکانگریس پارٹی دوسری مرتبہ شاندارکامیابی حاصل کرے گی۔ وزیراعلی آج میڈی گڈا بیاریج کے مرمتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد بھوپال پلی ضلع کے کاٹارم میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ متحدہ کریم نگر ضلع میں آج ریونت ریڈی اور کے سی آر نے عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ کے سی آرنے جگتیال میں جبکہ ریونت ریڈی نے کاٹارم میں جلسہ عام سے خطاب کیا اور دونوں عام جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ ریونت ریڈی نے گزشتہ دو سال کے دوران حکومت کے کارناموں کی تفصیلات بیان کی اور دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس 10 برسوں تک برسر اقتدار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 70 ہزارنوجوانوں کو سرکاری محکمہ جات میں تقررات کئے گئے۔ غریبوں کو باریک چاول مفت سپلائی کیاجارہا ہے۔ انہوں نے جیون ریڈی کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا اورسوال کیا کہ ایک شخص کو عہدہ نہ ملنے پر کیا عوامی حکومت اقتدارسے محروم ہوجائے؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جیون ریڈی کوکئی عہدوں سے نوازا تھا اوراسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے اہم عہدوں کے باوجود بی آرایس میں شمولیت موقع پرستی کی علامت ہے۔

