خواتین ریزرویشن بل کے ساتھ حلقہ بندی بل کو جوڑنا مرکز کی بڑی سازش: کویتا

تاثیر 16 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد ، 16 اپریل :۔ تلنگانہ جاگرتی پارٹی کی صدرکلواکنتلا کویتا نے جمعرات کوالزام لگایا کہ مجوزہ حلقہ بندی (ڈیلمیٹیشن) بل کوخواتین ریزرویشن بل کے ساتھ جوڑنا مرکز کی ایک بڑی سازش ہے۔ انہوں نے خبردارکیا کہ تلنگانہ کی سیاسی نمائندگی کو کم کرنے والا کوئی بھی قدم ریاست میں ایک اورعوامی تحریک کو جنم دے سکتا ہے۔
بنجارہ ہلزمیں واقع تلنگانہ جاگروتی دفتر سے جاری ایک بیان میں کویتا نے کہا کہ اگرچہ پارلیمنٹ میں خواتین ریزرویشن بل پربحث خواتین کے لیے ایک اہم موقع ہے، لیکن اسے حلقہ بندی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش گمراہ کن اور سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل اور حلقہ بندی دو الگ الگ مسائل ہیں۔ انہوں نے مرکز پر الزام لگایا کہ وہ حلقہ بندی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کررہا ہے۔