تاثیر 21 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
امپھال، 21 اپریل: پولیس اور سیکورٹی فورسز تشدد زدہ منی پور میں عسکریت پسندوں، منشیات فروشوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف مسلسل مہم چلا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
منگل کو منی پور پولیس ہیڈکوارٹر کے ایک بیان کے مطابق ایل اجیت سنگھ نامی فیس بک اکاو¿نٹ پر اشتعال انگیز مواد پوسٹ کیا گیا تھاجس سے امن عامہ کو بگڑنے کا خطرہ تھا۔ اس معاملے میں موت بینگ مامنگ لیکائی، کے پی آئی، اے/ پی لمبوئی کھونگنانگکھونگ ریلیف کیمپ کے رہنے والے لوریم اجیت کمار سنگھ (29) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیش جاری ہے۔
منی پور پولیس نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی تشدد بھڑکانے یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق قومی شاہراہ 37 پر ضروری سامان لے جانے والی 329 گاڑیوں کی آمدورفت کو یقینی بنایا گیا، تمام حساس مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور گاڑیوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے حساس راستوں پر سکیورٹی قافلے فراہم کیے گئے ہیں۔ اسی دن منی پور کے مختلف اضلاع میں، پہاڑیوں اور وادی دونوں میں کل 115 چوکیاں قائم کی گئیں اور تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔

