خواتین کی سیاسی و سماجی بااختیاری کی سمت میں ناری شکتی وندن ادھینیم سنگِ میل ثابت ہوگا: وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو

تاثیر 16 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 16 اپریل : مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان کی جمہوریت کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں 21 ویں صدی کے سب سے بڑے فیصلے ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ پر لوک سبھا میں بحث کا آغاز ہوا ہے۔ ناری شکتی وندن ادھینیم بہنوں کی سیاسی اور سماجی بااختیاری کی سمت میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو نرمدا پورم ضلع کے سیونی مالوہ میں منعقدہ بھومی پوجن پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون نہ صرف کائنات کی جننی (خالق) ہے بلکہ قوم کی ترقی کی اصل محرک بھی ہے۔ جب ہم ترقی یافتہ ہندوستان کا تصور کرتے ہیں، تو اس کی بنیاد میں آدھی آبادی کی صلاحیت، جدوجہد اور کامیابی کی کہانیاں صاف نظر آتی ہیں۔ ناری شکتی وندن ادھینیم اسی صلاحیت کو آئینی شناخت دینے اور جمہوری اداروں میں خواتین کے لیے قیادت کے نئے دروازے کھولنے کی سمت میں ایک انقلابی قدم ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اہل وطن کی سماجی و اقتصادی بہتری کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی ترقی پر بھی یکساں توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں پہلے ہی مقامی اداروں اور شہری بلدیاتی انتخابات میں 50 فیصد نشستیں بہنوں کے لیے مخصوص ہیں۔ ریاست کی حکومت بہنوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے، ریاستی حکومت جو کہتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔ ریاست کی 1.25 کروڑ سے زیادہ لاڈلی بہنوں کو اب تک 55 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی جا چکی ہے۔ لاڈلی بہنا یوجنا کے آغاز سے اب تک فی بہن 40 ہزار 500 روپے سے زیادہ کی رقم بہنوں کے بینک کھاتوں میں آئی ہے۔ بہنیں فکر نہ کریں، اسکیم کی رقم بڑھا کر 1500 روپے کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی جو ممکن ہوگا وہ کیا جائے گا۔