زمین تنازعات سے بجلی و پانی تک مسائل کی بھرمار، ڈی ایم کا سخت پیغام—لاپرواہی برداشت نہیں

تاثیر 16 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی (مظفر عالم)
بہار حکومت کے اہم پروگرام “سات نِشچئے–3: سب کا احترام، زندگی آسان” کے تحت پریہار بلاک کے دھرہروا پنچایت واقع کسان بھون میں عوامی دربار کا انعقاد کیا گیا، جہاں ضلع مجسٹریٹ نے خود عوام کی شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے سخت احکامات جاری کیے۔
اس پروگرام میں بڑی تعداد میں عوام کے ساتھ مقامی عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔ سب سے زیادہ شکایات زمین کے تنازعات سے متعلق سامنے آئیں، جبکہ راشن کارڈ، بیت الخلا کی ادائیگی، پینے کے پانی کی قلت، سڑکوں پر تجاوزات، ایمبولینس کی دستیابی، شرم کارڈ، فصل نقصان معاوضہ، بجلی کے پول کی کمی، سولر اسٹریٹ لائٹ کی مرمت، داخل خارج، نل جل یوجنا اور صحت خدمات کی کمی جیسے مسائل بھی اٹھائے گئے۔
“آر ٹی پی ایس خدمات میں تاخیر یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ قصوروار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ عوام کو بروقت خدمات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔” انہوں نے بی ڈی او، سی او اور بی پی آر او کو ہدایت دی کہ پنچایت سطح پر تمام ملازمین کی باقاعدہ حاضری یقینی بنائی جائے اور کاموں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ موقع پر موجود ریونیو اہلکاروں، ایکزیکٹو اسسٹنٹس اور پنچایت سیکریٹریز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی ایم نے یہ بھی کہا کہ بلاک اور پنچایت سطح پر کام کے کلچر میں نمایاں بہتری آنی چاہیے۔ انتظامیہ کو فعال، جوابدہ اور شفاف بنانا ضروری ہے، تبھی تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی کے میدان میں حقیقی پیش رفت ممکن ہوگی۔
پروگرام میں گیس کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بجلی بل کی درستگی، لیبر کارڈ، نلکوب، بڑھاپا پنشن اور وولٹیج کی کمی جیسے مسائل بھی نمایاں طور پر اٹھائے گئے، جن کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دی گئی۔ اس موقع پر ضلع اور بلاک سطح کے افسران موجود تھے، جبکہ عوام نے اپنی شکایات براہ راست ڈی ایم کے سامنے رکھ کر فوری کارروائی کی امید ظاہر کی۔