وزیر اعلیٰ نے معروف تعلیمی اداروں کو جموں و کشمیر میں شعبہ تعلیم میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 27 اپریل:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے معروف تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کریں اور جموں و کشمیر پرائیویٹ یونیورسٹیز ایکٹ 2026 کے تحت دستیاب نئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

بنگلورو میں تعلیمی شعبے کے نمائندوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیا قانونی ڈھانچہ جموں و کشمیر کو ایک جدید اور متحرک تعلیمی مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جہاں عالمی معیار کا تعلیمی نظام قائم کیا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ قانون حالیہ بجٹ اجلاس کے دوران جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے منظور ہوا اور بعد ازاں لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری سے نافذ العمل ہوا، جو خطے کی تعلیمی ترقی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے تنویر صادق، سینئر افسران اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ اس قانون کے تحت بڑے تعلیمی اداروں کو جموں و کشمیر میں اپنے کیمپس قائم کرنے کا موقع ملے گا، جس سے تحقیق، جدت اور شمولیت کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت ایک شفاف اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ملک اور بیرونِ ملک سے طلبہ اور محققین کو جموں و کشمیر کی جانب راغب کیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ انتظامیہ ایک جدید اور مضبوط اعلیٰ تعلیمی نظام کی تشکیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، تاکہ جموں و کشمیر کو تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام دلایا جا سکے۔