تاثیر 21 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 21 اپریل:۔ میرا روڈ قتل کیس میں ایک بڑی پیش رفت کے تحت پولیس نے تقریباً نو سال بعد مرکزی ملزم راجیش روی داس (34) کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ 6 اپریل 2017 سے مفرور تھا اور اسے جھارکھنڈ کے ہزارباغ سے حراست میں لیا گیا۔ کاشی میرا پولیس اسٹیشن کی ٹیم اس وقت ملزم سے تفصیلی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ کاشی میرا پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹرسشیل کمار شندے کے مطابق مقتول شامو لہری گور (50) کو 6 اپریل 2017 کو میرا گاؤں میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے سنیل کمار راجک اور ایک دیگر ملزم کو گرفتار کر لیا تھا، تاہم راجیش روی داس مسلسل مفرور رہا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ شامو لہری نے 2015 میں سنیل کمار راجک کو 5 لاکھ روپے قرض دیے تھے، جو اس نے واپس نہیں کیے۔ جب مقتول نے رقم واپس مانگنی شروع کی تو راجک نے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے میں راجیش روی داس کو قتل کی سپاری دی۔ اس کے بعد روی داس کو جھارکھنڈ سے میرا روڈ لایا گیا، جہاں اس نے فائرنگ کر کے قتل کی واردات انجام دی۔پولیس نے اس کیس میں پہلے ہی سنیل کمار راجک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا تھا، جنہیں مارچ 2026 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

