تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 22 اپریل:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مغربی ایشیا میں جاری تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ فوری طور پر ختم ہونی چاہیے کیونکہ اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں۔ادھم پور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی چین میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنازع کے اثرات یورپ سمیت کئی ممالک میں شدت سے محسوس کیے جا رہے ہیں جہاں ایندھن کی قلت اور دیگر مسائل سامنے آ رہے ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ بھارت کی صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں نسبتاً مستحکم ہے، تاہم اگر جنگ طویل ہوتی ہے تو اس کے منفی اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ نہیں ہونی چاہیے تھی اور اب اسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔انہوں نے پڑوسی ملک پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں فضائی جہازوں کو اترنے کی اجازت تو دی جا رہی ہے لیکن انہیں ایندھن فراہم نہیں کیا جا رہا، جو اس بحران کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

