تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جے پور ، 26 اپریل :جھنجھنو ضلع میں ہفتہ کی دیر رات ایک المناک سڑک حادثہ میں تین نوجوان ہلاک اور کار ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ دھنوری تھانہ علاقے میں جھنجھنو-مندریلا روڈ پر پیش آیا۔پولیس کے مطابق چاروں نوجوان بھجن کی شام میں شرکت کے بعد شہر لوٹ رہے تھے۔ جائے حادثہ جھنجھنو شہر سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ہواہے۔ دھنوری پولیس اسٹیشن کے انچارج سنجے گوتم نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور کا کنٹرول اس وقت ختم ہوگیا جب سڑک پر اچانک ایک جانور نمودار ہوا۔ تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کر تین سے چار بار الٹ گئی اور تقریباً 15 فٹ دور کھیت میں جاگری۔
سنیل شکلا ( 33)، گورو سینی ( 21) ، اور وجے ڈھنڈ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ڈرائیور جتیندر والیا شدید زخمی ہوگیا۔ چاروں نوجوان ہیرا کی دھنی (سوناسر) میں بھجن کی شام سے واپس آرہے تھے۔ حادثے کے وقت ان کے پیچھے پیچھے آنے والی دیگر کاروں میں موجود لوگوں نے فوری طور پر جواب دیا اور زخمیوں اور میت کو جھنجھنو کے بی ڈی کے اسپتال منتقل کیا۔شدید زخمی جتیندر والیا کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ایس ایم ایس اسپتال ریفر کیا گیا ، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

