آگ لگنے سے تین دکان اور دو گھر جل کر خاکستر

تاثیر 24 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 24 اپریل : ضلع کے تلکامانجھی تھانہ علاقے کے تحت جیل روڈ پر گنجی مل کے قریب گذشتہ دیر رات زبردست آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ تین دکانیں اور دو مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔ اس آتشزدگی میں آرتی دیوی، راجا ولد مرشد (پنکچر کی دکان کے مالک) ارجن چودھری اور گیتا دیوی کی املاک کو کافی نقصان پہنچا۔ واقعے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم تین بڑی اور ایک چھوٹی گاڑی کے ساتھ پہنچی۔ کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا لیکن تب تک سب کچھ راکھ ہو چکا تھا۔ متاثرین نے مقامی شرپسندوں پر جان بوجھ کر آگ لگانے کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ نوجوان روزانہ قریبی دکان کی چھت پر بیٹھ کر چرس، شراب اور سگریٹ پیتے تھے۔ وہ دکانداروں سے ماچس اور لائٹر کا مطالبہ کر تے ہیں اور انکار کرنے پر دکان کو جلانے کی دھمکی دے چکے ہیں۔

متاثرین کے مطابق مذکورہ لوگوں میں سے ایک نوجوان وقوعہ کی رات موقع پر موجود تھا اور اس کی حرکتوں کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ نقصان کا بھی اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر تفتیش کی جا رہی ہے۔