امریکی عہدیدار کا ایران پر آبنائے ہرمز میں مزید بارودی سرنگیں بچھانے کا الزام

تاثیر 24 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،24اپریل:امریکی ویب سائٹ نے ایک امریکی عہدے دار اور با خبر ذریعے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے رواں ہفتے آبنائے ہرمز میں مزید بارودی سرنگیں بچھائی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے بارودی سرنگیں بچھانے کے اس عمل کی نگرانی کی ہے اور وہ اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ امریکی عہدے دار نے مزید کہا کہ امریکہ ان نئی بچھائی گئی سرنگوں کی تعداد سے واقف ہے، تاہم انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کیا۔ ویب سائٹ کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک یہ دوسرا موقع ہے جب ایران نے اس گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں۔اس سے قبل جمعرات کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھلوانے کے لیے ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے اپنی بحریہ کو حکم دیا تھا کہ بارودی سرنگیں بچھانے والی کسی بھی کشتی کو تباہ کر دیا جائے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر لکھا کہ انہوں نے امریکی بحریہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی ہر چھوٹی بڑی کشتی کو نشانہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے اور امریکی “مائن سویپرز” اس وقت آبنائے کو صاف کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران اس وقت قیادت کے بحران کا شکار ہے اور امریکہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے۔