تاثیر 21 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لاتیہار، 21 اپریل :۔ ضلع کے چھیپا دوہر فاریسٹ رینج کے موروائی جنگلاتی علاقے میں جنگلی بھینسوں کے حملے میں دو خواتین کی موت ہوگئی۔ مرنے والی خواتین کی شناخت سلمانیہ دیوی (65) اور شانتی کنور (50) کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں موروائی گاو¿ں کی رہنے والی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ دونوں خواتین پیر کو کچھ دیگر خواتین کے ساتھ مہوا کے پھول لینے جنگل گئی تھیں۔ اچانک جنگلی بھینسوں کے جھنڈ نے ان پر حملہ کر دیا۔ عورتیں جنگلی بھینسوں سے بچنے کے لیے ادھر ادھر بھاگیں۔ ان میں سے دو جنگلی بھینسوں کی زد میں آ گئیں۔ بھینسوں نے انہیں پٹک پٹک کر مار ڈالا۔
پیر کی شام تک جب دونوں خواتین گھر واپس نہیں آئیں تو ان کے گھر والے پریشان ہوگئے اور انہیں ڈھونڈنے جنگل میں گئے۔ لیکن وہ کہیں نہیں ملیں۔ منگل کو جب گاو¿ں والے دوبارہ جنگل میں گئے تو انہوں نے دونوں خواتین کی لاشیں برآمد کیں۔ اس کے بعد محکمہ جنگلات کو اس واقعہ کی اطلاع دی گئی۔

