تاثیر 23 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 23 مئی: دہلی کی راؤز ایونیو سیشن کورٹ نے ہفتہ کے روز ایک درخواست پر سماعت ملتوی کر دی جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک (آر ایس ایس سیوک) کے بارے میں مبینہ طور پر تضحیک آمیز بیانات کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دینے سے انکار کرنے والے ٹرائل کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔ خصوصی جج جتیندر سنگھ نے حکم دیا کہ معاملے کی اگلی سماعت 4 جولائی کو کی جائے۔
آج سماعت کے دوران فریقین نے دلائل ملتوی کرنے کی استدعا کی جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت 4 جولائی کو کرنے کا حکم دیا۔
قبل ازیں درخواست گزار رویندر گپتا کی جانب سے ایڈوکیٹ گگن گاندھی نے اپنے دلائل پیش کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار آر ایس ایس کا کارکن ہونے کے ناطے کھرگے کے بیانات سے پریشان تھا اس لئے کھرگے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
کھرگے کی جانب سے 20 مارچ کو جواب داخل کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں تیس ہزاری مجسٹریٹ کورٹ نے کھرگے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کو خارج کر دیا تھا، جس کے بعد درخواست گزار رویندر گپتا نے سیشن کورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت نے 29 جنوری کو کھرگے کو نوٹس جاری کیا تھا۔

