تاثیر 20 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام):ڈی ایم کوشل کمار کی صدارت میں بدھ کے روز دربھنگہ کلکٹریٹ کے دفتر کمرہ میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع کے نئے ڈگری کالجوں میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے تحت جولائی 2026 سے درس و تدریس شروع کرانے کے سلسلے میں متعلقہ افسران اور پرنسپل صاحبان کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں ضلع کے آٹھ بلاکوں میں قائم ہونے والے نئے ڈگری کالجوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران کالج عمارتوں، بنیادی ڈھانچے، رنگ و روغن، چہار دیواری کی تعمیر، جماعتوں کے انتظام اور تعلیمی سرگرمیوں کے بہتر انعقاد کے تعلق سے ضروری ہدایات دی گئیںکارگزار انجینئر نے اجلاس کو بتایا کہ تمام ڈگری کالجوں میں تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کوشیشور استھان مشرقی بلاک کے تحت اپگریڈیڈ سیکنڈری اسکول، برنیاں میں فی الحال ڈگری کالج کا قیام عمل میں آئے گا۔ اس کے علاوہ تارڈیہ بلاک کے پلس ٹو پی ایم شری اے سی ہائی اسکول کرسوں، علی نگر بلاک کے اپگریڈیڈ سیکنڈری اسکول علی نگر اردو، گورابورام بلاک کے پلس ٹو اپگریڈیڈ اسکول آسی، کیرت پور بلاک کے مڈل اسکول جگسو، سنگھواڑا بلاک کے اپگریڈیڈ سیکنڈری اسکول سنہپور اور ہنومان نگر بلاک کے پلس ٹو راجکیہ ہائی اسکول کولہنٹا پٹوری کے احاطوں میں ڈگری کالج چلائے جائیں گے۔
ضلع مجسٹریٹ نے تمام متعلقہ پرنسپل صاحبان کو ہدایت دی کہ طلبہ کے لیے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرمت، تجدید کاری، رنگ و روغن، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا کام مقررہ مدت کے اندر معیاری طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ جولائی 2026 سے باقاعدہ تدریسی عمل شروع کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ضلع انتظامیہ کی ترجیح ہے اور تمام محکمے آپسی تال میل کے ساتھ وقت پر کام مکمل کریں۔ اجلاس میں ستیندر پرساد، ودیانند ٹھاکر، محکمۂ تعلیم کے افسران، نامزد پرنسپل اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

