وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے جموں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کا معائنہ کیا

تاثیر 19 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 19 مئی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے منگل کو جموں اسمارٹ سٹی لیمٹیڈ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امرناتھ یاترا سے قبل تمام بڑے پروجیکٹ مکمل کیے جائیں۔دورے کے دوران انہوں نے فیم دوم اسکیم کے تحت تعمیر کیے جا رہے ٹاٹا ای-بس ڈپو اور پی ایم ای-بس سیوا پروجیکٹ کا معائنہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ جموں شہر میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینے کے لیے 16 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید الیکٹرک بس انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے۔
ناصر اسلم وانی نے اسمارٹ سٹی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے حکام کو کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے جموں شہر کو صاف، سرسبز اور منظم شہری مرکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں مشیر نے ویسٹ ٹو ونڈر پارک پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ری سائیکل شدہ کچرے سے تیار کی جا رہی یادگاروں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے میں شامل فنکاروں اور مزدوروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے جموں کے لیے ایک منفرد اور تخلیقی اقدام قرار دیا۔