بارامتی ضمنی انتخاب: سنیترا اجیت پوار کی ریکارڈ جیت ، کارکنوں سے جشن نہ منانے کی اپیل

تاثیر 4 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بارامتی ، 4 مئی :بارامتی اسمبلی ضمنی انتخاب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کی امیدوار اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار نے 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹوں کی بھاری برتری کے ساتھ شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس جیت کے ساتھ انہوں نے ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

اس ضمنی انتخاب میں سنیترا اجیت پوار نے نہ صرف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی بلکہ 2019 میں اجیت پوار کے قائم کردہ سابقہ ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ووٹوں کی گنتی کے 24ویں مرحلے کے بعد دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ان کی برتری 2 لاکھ 18 ہزار 930 ووٹ رہی، جو قومی سطح پر سب سے بڑی جیت قرار دی جا رہی ہے۔

انتخابی مہم کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ جے پوار اور پرتھ پوار نے بھی عوام سے اپیل کی تھی کہ سنیترا اجیت پوار کو ریکارڈ اکثریت سے کامیاب بنایا جائے۔ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی بھی حمایت حاصل رہی۔

دوسری جانب ان کے مقابلے میں میدان میں اترنے والے تمام امیدوار خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور کوئی بھی امیدوار ایک ہزار ووٹوں کا ہندسہ عبور نہیں کر سکا۔ کرنہ منڈے کو صرف 125 ووٹ ملے جبکہ ابھیجیت بچوکلے کو محض 121 ووٹ حاصل ہوئے۔