تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی ( مظفر عالم)ضلع کے پوپری بلاک کے راج باغ بچھارپور واقع مدرسہ غوثیہ انوارالبنات میں اُس وقت گہما گہمی بڑھ گئی جب بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ، پٹنہ کی تین رکنی ٹیم اچانک معائنہ کے لیے پہنچی۔ مدرسہ نمبر 609/193 کے اس معائنہ کو ادارہ کے مستقبل اور ترقی کے لیے نہایت اہم مانا جا رہا ہے۔ معائنہ ٹیم میں بورڈ کے رکن محمد شبیر احمد، حاجی محمد اظہار اشرف اور محمد نظام الدین انصاری شامل تھے۔ ٹیم نے مدرسہ کی زمین سے متعلق دستاویزات، عمارت کی مضبوطی، تعلیمی نظام، اساتذہ و طالبات کی تعداد، حاضری، بیت الخلاء، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ جانچ کے دوران مدرسہ انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ ریکارڈ اور سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ ٹیم نے طالبات کو دینی اور عصری تعلیم ایک ساتھ فراہم کرنے کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ بتایا گیا کہ یہ ادارہ علاقے میں بچیوں کی تعلیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اخلاقی و سماجی اقدار کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ معائنہ مکمل ہونے کے بعد ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق جلد ہی تفصیلی رپورٹ بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ، پٹنہ کو سونپی جائے گی، جس کی بنیاد پر آئندہ فیصلہ لیا جائے گا۔ مدرسہ انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ کی بہتر تعلیمی خدمات اور انتظامات کو دیکھتے ہوئے مثبت فیصلہ سامنے آئے گا، جس سے علاقے کی طالبات کو معیاری تعلیم کے مزید بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔ اس موقع پر پرنسپل مولوی شبنم خاتون، محمد شمشاد، محمد ارشاد، محمد شرافت انصاری، محمد نوشاد سمیت بڑی تعداد میں طالبات اور مقامی افراد موجود تھے۔

