تاثیر 25 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 مئی: بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے سینئر لیڈر دیباشیش سامنت رائے نے پیر کے روز راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن کو بھی اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ اس سے پہلے انہوں نے بتایا تھا کہ بی جے ڈی صدر نوین پٹنائک کو خط لکھ کر پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے بھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت پر نظراندازکرنے کا الزام لگایا۔
نئی دہلی میں راجیہ سبھا چیئرمین کو استعفیٰ سونپنے کے بعد انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ آج صبح انہوں نے بی جے ڈی صدر نوین پٹنائک کو اپنی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ کا ایک خط بھیجا۔ اس خط میں انہوں نے کچھ وجوہات بیان کی تھیں۔ اس کے بعد وہ راجیہ سبھا کی نشست سے استعفیٰ دینے گئے۔
سامنت رائے نے کہا، ’’مجھے لگا کہ بی جے ڈی میں میرا کوئی مستقبل نہیں ہے، کیونکہ پارٹی اب بھی وی کے پانڈین کے اثر و رسوخ میں چل رہی ہے۔ پارٹی کی انتخابی شکست پر قیادت خود احتسابی کے لیے تیار نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کسی غیر سیاسی شخص کو حد سے زیادہ سیاسی ذمہ داری سونپنے سے پارٹی کی شبیہ اور تنظیم دونوں کو نقصان پہنچا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کے امکان پر انہوں نے کہا کہ ایک سیاست دان کے طور پر وہ اپنے تمام متبادل کھلے رکھتے ہیں اور جلد ہی صورتحال واضح ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ان کے لیے سب سے بہتر سیاسی متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔

