ایران کے ساتھ جنگ بندی جاری ہے، ایران پر حملے کے بعد ٹرمپ کا بیان

تاثیر 8 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،08مئی:ایران میں فوجی اہداف پر امریکی فوج کے تازہ حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ تہران کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ برقرار ہے اور اس پر عمل درآمد جاری ہے۔انہوں نے جمعے کو علی الصبح امریکی نیٹ ورک’اے بی سی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی اہداف کے خلاف انتقامی حملے محض ایک ’ہلکا سا تھپڑ‘ ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھسوشل” پر ایک پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ 3 امریکی تباہ کن بحری جہاز ایرانی فائرنگ کے سائے میں آبنائے ہرمز سے بڑی کامیابی کے ساتھ نکل آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “آبنائے ہرمز میں ہمارے کسی بھی بحری جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔ٹرمپ کے مطابق امریکی بحری جہازوں پر حملہ کرنے والی ایرانی کشتیاں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ایران کی کشتیاں بہت تیزی سے سمندر کی تہہ میں ڈوب گئیں اور ہم نے میزائلوں کو آسانی سے مار گرایا۔”
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ “ہمارے تینوں بحری جہاز ایران کے خلاف بحری محاصرے میں شامل ہو جائیں گے”، انہوں نے اس محاصرے کو “آہنی دیوار” قرار دیا۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر تہران نے ’تیزی‘ سے معاہدے پر دستخط نہ کیے تو مزید’شدید‘ حملے کیے جائیں گے۔