پٹنہ میں طلبہ پر لاٹھی چارج کے خلاف دربھنگہ کانگریس کمیٹی کا شدید احتجاج

تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):- دربھنگہ ضلع کانگریس کمیٹی (اربن) کی جانب سے ضلع کانگریس دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں گزشتہ روز پٹنہ میں نوجوانوں پر ہوئے لاٹھی چارج اور مارپیٹ کے واقعہ کی سخت مذمت کی گئی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر ڈاکٹر جمال حسن نے کہا کہ یہ نہایت افسوسناک اور شرمناک واقعہ ہے کہ اپنے حق اور روزگار کا مطالبہ کرنے پٹنہ پہنچنے والے طلبہ و طالبات اور بچیوں کو بے رحمی سے پیٹا گیا۔انہوں نے کہا کہ بہار میں دو لاکھ سے زائد اساتذہ کی آسامیاں خالی ہیں، اسکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی ہے، اس کے باوجود حکومت بحالی کا عمل شروع نہیں کر رہی ہے۔ ٹی ای ٹی اور ایس ٹی ای ٹی پاس امیدوار برسوں سے تقرری کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن حکومت صرف تاریخ پر تاریخ دے رہی ہے۔ اس دوران ہزاروں امیدوار عمر کی حد بھی پار کر چکے ہیں۔ڈاکٹر جمال حسن نے کہا کہ جمعہ کے روز جب یہ امیدوار اپنے حق کے مطالبے کے لیے پٹنہ پہنچے تو حکومت کی پولیس نے ان پر بربریت آمیز لاٹھی چارج کیا۔ کئی طلبہ کے سر پھٹ گئے، ہاتھ پیر ٹوٹ گئے اور بچیوں کو زمین پر گرا کر بوٹوں سے کچلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جے پی گولمبر کا منظر ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے “جلیانوالہ باغ” جیسا سانحہ دوبارہ دہرایا جا رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس واقعہ کی سخت مذمت کرتی ہے اور امیدواروں کی جدوجہد میں قدم سے قدم ملا کر کھڑی رہے گی۔ بہار کے نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ کرنا کانگریس پارٹی اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور نوجوانوں پر ہونے والے ظلم و ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف پڑھے لکھے نوجوان نوکری کے لیے سڑکوں پر لاٹھیاں کھا رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف سیاسی خاندانوں کے افراد کو بغیر کسی جدوجہد کے وزارتیں مل رہی ہیں۔ یہ بہار کے نوجوانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔اس پریس کانفرنس میں ضلع میڈیا انچارج محمد اسلم، راگھویندر کنور، محمد وسیم، عادل حسن سمیت کئی افراد موجود تھے۔