کریم نگر میں دن دہاڑے جویلری شاپ میں ڈاکہ زنی؛ فائرنگ کے 30 راؤنڈز میں 4 گارڈز زخمی، ایک کی حالت نازک

تاثیر 3 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 3 مئی: تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں اتوار کی صبح ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا۔ مسلح جرائم پیشہ افراد دن دہاڑے زیورات کی دکان میں داخل ہوئے اور ڈکیتی کی واردات کو انجا دیا۔ بدمعاشوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے چار گارڈز شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ واقعہ جگتیال روڈ پر واقع پی ایم جے جیویلری شاپ میں اس وقت پیش آیا جب دکان کا عملہ معمول کے مطابق زیورات کو لاکر سے نکال کر ڈسپلے کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ نقاب پوش مجرم اچانک دکان میں داخل ہوئے۔ وہ جدید ترین ہتھیاروں سے لیس تھے اور ایک منصوبہ بند حکمت عملی کے ساتھ آئے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے جیسے ہی انہیں روکنے کی کوشش کی تو مجرموں نے بغیر وارننگ کے فائرنگ کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 30 راؤنڈ فائر کیے گئے جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ سے چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔