تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 09 مئی: دارالحکومت دہلی میں ماحولیاتی تحفظ کی طرف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، دہلی حکومت نے سنٹرل رج کے تقریباً 673.32 ہیکٹر علاقے کو انڈین فاریسٹ ایکٹ، 1927 کی دفعہ 20 کے تحت ‘ریزروڈ فاریسٹ’ یعنی محفوظ جنگلاتی علاقہ قرار دیا ہے۔ یہ علاقہ محکمہ جنگلات کے مغربی فاریسٹ ڈویژن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور اس کے ارد گرد سردار پٹیل مارگ اور راشٹرپتی بھون اسٹیٹ واقع ہے۔ اس فیصلے سے متعلق معلومات ہفتہ کو ایک سرکاری بیان کے ذریعے فراہم کی گئی۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے حکومت کے اس فیصلے کو دارالحکومت کے قدرتی ورثے، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی تحفظ کو مضبوط بنانے کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے ماحولیاتی طور پر حساس رج کے علاقوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کا معاملہ کئی دہائیوں سے زیر التوا ہے۔ تاہم موجودہ حکومت نے عزم اورحوصلے کے ساتھ اس کو آگے بڑھایا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سنٹرل رج ایریا کو ‘ریزروڈ فاریسٹ’ قرار دینے کے ساتھ ہی ایک اہم عمل جو تین دہائیوں سے زیر التوا تھا اب پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب کہ دہلی کے پانچوں ریز علاقوں کو ابتدائی طور پر سال 1994 میں انڈین فاریسٹ ایکٹ 1927 کے سیکشن 4 کے تحت نوٹیفائی کیا گیا تھا، وہ طویل عرصے تک حتمی قانونی تحفظ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اب، دفعہ 20 کے تحت نوٹیفکیشن کے اجراء کے ساتھ، سنٹرل رج کے علاقے کو مضبوط قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے۔

