تاثیر 25 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 25 مئی: ضلع راجوری کے منجا کوٹ علاقے کے ڈوری مال میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران پیر کو ایک بار پھر شدید فائرنگ اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں محاصرہ مزید سخت کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ تصادم ہفتہ کی صبح اُس وقت شروع ہوا تھا جب سیکورٹی فورسز گھنے جنگلات میں تلاشی کارروائی انجام دے رہی تھیں اور اسی دوران دہشت گردوں سے رابطہ قائم ہو گیا۔ رابطہ ہوتے ہی فورسز نے بڑے پیمانے پر انسدادِ دہشت گردی آپریشن شروع کر دیا تھا۔آپریشن آج تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق علاقے میں تازہ فائرنگ اور بھاری دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مزید کمک طلب کر کے محاصرہ مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔فوج، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر پورے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ جنگلاتی علاقے کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

