کیجریوال نے ای ڈی کی کارروائی پر سوال اٹھائے، حکومت کو نشانہ بنایا

تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 09 مئی: عام آدمی پارٹی ( آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پنجاب کے وزیر سنجیو اروڑہ کی رہائش گاہ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے کی تنقید کی اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔

ہفتہ کو پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے کی گئی کارروائی کے لئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ جیسے ہی بنگال انتخابات ختم ہوئے، مرکزی حکومت نے پنجاب میں روز ای ڈی کے چھاپے مارنے شروع کردیئے۔

کیجریوال نے کہا کہ ای ڈی ہفتہ کی صبح سے پنجاب کے وزیر سنجیو اروڑہ کی رہائش گاہ پر چھاپے مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور ای ڈی کو بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کو روکنا ہے، لیکن وہ دوسری پارٹیوں کو توڑنے اور دوسرے سیاسی لیڈروں کو دھمکانے کا کام کرتے ہیں۔ ای ڈی کے چھاپے اس سمت میں ایک کارروائی ہیں۔

کیجریوال نے کہا کہ سنجیو اروڑہ کے گھر پر کچھ دن پہلے چھاپہ مارا گیا تھا۔ آج پھر ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔