تاثیر 21 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 21 مئی: سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 35ویں برسی پر آج یہاں ویر بھومی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران کانگریس کے کئی سینئر لیڈر، ایم پی اور کارکنان بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ویر بھومی میں منعقدہ پروگرام میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے راجیو گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور کچھ دیر خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کھڑگے نے راجیو گاندھی کو 21ویں صدی کے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھنے والارہنما قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے نوجوان ہندوستان کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی عمر کو 21 سال سے کم کر کے 18 سال کیا۔ پنچایتوں کو حقوق دے کر انہوں نے ہر گاؤں میں جمہوریت کو مضبوط کیا اور ٹیلی کمیونیکیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرائزیشن کے ذریعے ہندوستان کو ایک نئے دور میں داخل کیا۔

