!بتھنہا میں منریگا گھوٹالے پر بڑا ایکشن: 37 لاکھ کی وصولی، جانوروں کے شیڈ بن گئے مکان اور دکان

تاثیر 10 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی ( مظفر عالم)
ضلع کے بتھنہا بلاک میں منریگا اسکیم کے تحت تعمیر کیے گئے جانوروں کے شیڈ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے سخت کارروائی کی ہے۔ مسلسل موصول ہو رہی شکایات کے بعد ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے کی ہدایت پر ڈی آر ڈی اے، منریگا محکمہ اور ایگزیکٹو انجینئر کی مشترکہ ٹیم نے تفصیلی جانچ کی۔ جانچ ٹیم نے رینڈم طور پر منتخب 144 جانور شیڈ اسکیموں کا موقع پر اور ریکارڈ کی بنیاد پر معائنہ کیا، جس میں کئی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے۔ جانچ میں پایا گیا کہ 30 جانور شیڈ کا استعمال مویشی پالنے کے بجائے رہائشی اور تجارتی مقاصد کے لیے کیا جا رہا تھا۔ کئی جگہوں پر مقررہ جی آئی پائپ کی جگہ بانس اور لکڑی کا استعمال کیا گیا، جبکہ 134 اسکیموں میں معلوماتی بورڈ تک نصب نہیں کیے گئے تھے۔ متعدد تعمیراتی کاموں کا معیار بھی انتہائی خراب پایا گیا۔مشترکہ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر ضلع مجسٹریٹ نے اسے سنگین لاپروائی قرار دیتے ہوئے متعلقہ اُس وقت کے افسران، ملازمین اور عوامی نمائندوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انتظامیہ نے کل 37 لاکھ 16 ہزار 346 روپے کی وصولی کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ رقم متعلقہ پی او، جے ای، اکاؤنٹنٹ، پنچایت ٹیکنیکل اسسٹنٹ، پی آر ایس اور گرام پنچایت راج بکھری کے مکھیا سے تناسب کے مطابق وصول کی جائے گی۔ وہیں جن فائدہ اٹھانے والوں نے جانور شیڈ کا استعمال مکان یا کاروبار کے لیے کیا، اُن سے بھی رقم کی وصولی ہوگی۔ اس معاملے پر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر سندیپ کمار نے واضح کہا کہ منریگا اسکیموں میں بدعنوانی اور سرکاری رقم کے غلط استعمال کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی روزگار اور معاشی مضبوطی کے لیے بنائی گئی اسکیموں کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور مستقبل میں ایسی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔