تاثیر 10 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی( مظفر عالم)
ضلع کے باجپٹی بلاک میں بھارت کی مردم شماری 2027 کو لے کر انتظامیہ پوری طرح ایکشن موڈ میں نظر آ رہی ہے۔ بلاک دفتر باجپٹی کی جانب سے جاری دفتری حکم نامے میں تمام شمار کنندگان اور سپروائزرز کو 10 مئی 2026 سے 31 مئی 2026 تک مسلسل اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہ کر مکانوں کی فہرست سازی اور گھروں کی گنتی کا کام انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم نامے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اس مدت کے دوران کسی بھی قسم کی چھٹی منظور نہیں ہوگی اور تمام اہلکاروں کو اپنی حاضری “MARK ON DUTY” میں درج کرنی ہوگی۔ انتظامیہ نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری کے کام میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا سستی پائے جانے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ قصوروار پائے جانے پر 3 سال تک قید اور 1000 روپے تک جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ حکم بلاک ترقیاتی افسر و بلاک چارج مردم شماری افسر، باجپٹی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ مردم شماری کے پہلے مرحلے کے تحت مکانوں کی فہرست سازی اور گھروں کی گنتی کا کام 2 مئی سے 31 مئی 2026 تک جاری رہے گا۔

