تاثیر 9 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 09 مئی: جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی رہنما سنیل شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت زیادہ عرصہ تک قائم نہیں رہ سکے گی اور کابینہ میں توسیع کے ساتھ ہی حکومت کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ جائیں گے۔ کشتواڑ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے کئی اراکین اسمبلی اپنی قیادت سے ناراض ہیں اور پارٹی کے اندر بے چینی کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال ان اختلافات کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم جیسے ہی کابینہ میں توسیع ہوگی اور نئے وزراء شامل کیے جائیں گے۔ حکومت کے اندر موجود ناراضگی شدت اختیار کر لے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اندرونی کمزوریوں کا شکار ہے اور یہی صورتحال مستقبل میں سیاسی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے اور حکمران جماعت کے اپنے نمائندے بھی مایوسی محسوس کر رہے ہیں۔ سندھو ندی کے پانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنیل شرما نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے معاہدے کو معطل کرنے کے فیصلے کو ایک تاریخی اور مؤثر قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آپریشن سندور کے تحت لیا گیا، جس کے ذریعے پاکستان کو ایک واضح پیغام دیا گیا ہے۔

