ہاتھی کے حملے میں ایک شخص کی موت، ناگاؤں میں انسانوں اور ہاتھیوں کے درمیان تصادم میں اضافہ

تاثیر 2 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ناگاؤں (آسام)، 2 مئی: — ضلع کے کامپور علاقے میں گزشتہ رات جنگلی ہاتھیوں کے حملے میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ مرنے والے کی شناخت سنجے داس (38) کے طور پر ہوئی ہے، جو دکھن جار چائے باغان علاقے کا رہنے والا تھا۔

موصولہ معلومات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً 1:30 بجے برپتھار سب بیٹ کے تحت بھیتَر کالونی علاقے میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ دو ہاتھی دھنسیلا پہاڑیوں سے بھٹک کر رہائشی علاقے میں داخل ہو گئے تھے۔

اسی دوران سنجے داس اور کچھ دیگر لوگ ہاتھیوں کو بھگانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی وقت دوسری طرف سے بھی کچھ لوگ ہاتھیوں کو ہانک رہے تھے، جس کی وجہ سے سنجے داس کو ہاتھیوں کی صحیح سمت کا اندازہ نہ ہو سکا اور وہ ان کے حملے کا شکار ہو گیا۔

اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کی ٹیم جب موقع پر پہنچی تو سنجے داس کی موت ہو چکی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ واقعہ سرکاری طور پر محفوظ کئے گئے ایک جنگلاتی علاقے کے باہر پیش آیا۔