ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ہندوستانی خواتین ٹیم کا اعلان، نندنی شرما نیا چہرہ

تاثیر 2 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 2 مئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہفتہ کو خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیاہے۔ 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے لئے 15 رکنی ٹیم میں نوجوان تیز گیند باز نندنی شرما کو پہلی بار ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔

چنڈی گڑھ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ نندنی نے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 وکٹیں لے کر دہلی کیپٹلس کے لیے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹ لینے والی کھلاڑی بنی تھیں، جس کے سبب ان کو قومی ٹیم میں جگہ ملی ۔

یاستیکا اور رادھا کی واپسی، کچھ بڑے نام باہر

وکٹ کیپر بلے باز یاستیکا بھاٹیہ اور آل راؤنڈر رادھا یادیو کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انوشکا شرما، اوما چھیتری اور کاشوی گوتم کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ یہی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل تین میچوں کی ٹی20 سیریز بھی کھیلے گی۔

ہرمن پریت پانچویں بار کپتانی کریں گی

ہندوستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر ہرمن پریت کور کریں گی جو اس عالمی ٹورنامنٹ میں پانچویں مرتبہ ٹیم کی قیادت کریں گی۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں ہندوستان کی ٹاپ اسکورر تھیں۔ اسمرتی مندھانا کو نائب کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔